ابنا: حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا اور اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مزارات پر حملہ کے خلاف شیعہ و سنّی مسلمانوں نے احتجاج کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ حملہ کرنے والِ مسلمان نہیں بلکہ یہ اسلام کے نام پر صیہونیت کے پیدا کردہ لوگ ہیں جن کا مقصد عالم اسلام کو انتشار کا شکار کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کے تحت شام میں مزارات پر دہشت گردوں کے حملے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ اعجاز حسین بہشتی، صوبہ سندھ کی سیکریٹری جنرل زہرہ نجفی شامل تھیں۔ علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ روضوں کی بے حرمتی سے امت مسلمہ کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ سامراجی ایجنٹوں نے مقامات مقدسہ پر حملہ کر کے امت محمدی کے جگر کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ بی بی زینب سلام اللہ علیہا کا روضہ آج بھی ظالم قوتوں کے خلاف ایک مضبوط للکار ہے جو ہمیشہ ہر مظلوم کو طاقت فراہم کرتا ہے اور اسے ظالموں کے مقابلے میں قیام کرنے کا درس دیتا ہے۔ محترمہ زہرہ نجفی نے کہا کہ دنیا بھر کے شیعہ و سنّی سازشوں کے خلاف متحد و منظم ہیں۔
.......
/169